وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے۔ جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کر دیں۔ اور کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے پیغامات موجود ہیں۔ پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کے لیے ہدایات دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسا بیانیہ بنانا چاہتے تھے کہ مشتعل ہو کر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے۔ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے حملہ نہیں کیا۔ تو کیا جنوں نے یہ واقعات کیے۔
یہ بھی پڑھیں: جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو جھوٹا ہی کہیں گے، نواز شریف
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ اسے مٹایا جاسکتا ہے۔ 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ جس کے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب 9 مئی کے مقدمات کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہیے بلکہ انہیں قوم سے معافی بھی مانگنی چاہیے۔ دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والے ان ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں۔ اب یہ سامنے لے آئے ہیں اور بیانات آچکے ہیں۔ یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہیے۔ اور انہیں ان مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ اب تمام ثبوت قوم کے سامنے آچکے ہیں۔
The post عطا تارڑ نے بانی اور پی ٹی آئی رہنماؤں سے معافی کا مطالبہ کر دیا appeared first on ہم نیوز.